گنے کے کاشتکاروں میں بے یقینی کا سبب وفاقی حکومت کی نااہلی : بلاول
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس کے باہر آبادگاروں کے احتجاج کو مِس ہینڈل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے سیاسی مظاہروں سے نمٹنے کے دوران طاقت کے استعمال سے اجتناب برتنا چاہیے ، اپنے جا ر ی کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے نشاندہی کی کہ ملک میں موجود اضافی چینی کے معاملے پر نون لیگی حکومت نے جان بوجھ کر لاپرواہی کی، جس کے نتیجے میں گنے کے کاشتکاروں میں بے یقینی اور بے چینی پھیلی ہوئی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا وفاقی حکومت کی جانب سے عدم اقدامات کی وجہ سے پیدا ہونیوالے معاملے پر حکومت سندھ کاشتکار کمیونٹی اور اس کی نمائندہ تنظیموں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لے ۔ پی پی پی چیئرمین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا جب اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو زرعی معیشت عروج پر تھی لیکن جب سے نواز لیگ کی حکومت اقتدار میں آئی ہے تو زرعی ترقی کو منفی رجحان کا شکار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ وہ سیاسی مخالفین سے چوکس رہیں، جواپنے مذموم عزائم کی خاطر آبادگاروں کا روپ دھار سکتے ہیں اور وزیر داخلہ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ گزشتہ روز بوٹ بیسن کے علاقے میں پیش آنیوالے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
بلاول بھٹو