فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ ایک جیسا ، دونوں کا حل چاہتے ہیں : جنرل باجوہ
راولپنڈی(صباح نیوز،آن لائن) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر ولید اے ایم ابو علی اور سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے فلسطین کے سفیر ولید اے ایم ابو علی سے ملاقات میں کہاکہ پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔اس موقع پر ولید اے ایم ابو علی نے فلسطین کی کاز کی حمایت پر پاکستان کاشکریہ ادا کیا۔جنرل باجوہ نے مزیدکہا کہ پاکستان کشمیر ایشو کیساتھ مسئلہ فلسطین کا بھی حل چاہتا ہے، دونوں ایشوز کو پاکستانی عوام کی ایک جیسی سیاسی و اخلاقی حمایت حاصل ہے، پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے ،ہم کشمیر و فلسطین پر اپنے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطین پرغاصبانہ قبضہ ہے جس کی پاکستان ہر سطح پر مذمت کرچکا ہے اور فلسطین کے عوام کے حقوق کی حفاظت کیلئے پاکستان اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا ،نام نہاد قبضے کی حقیقت سے قطع نظر اصولی موقف پر قائم ہیں۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش کی ملاقات ، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کے روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطاب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت ، کارکردگی کو سراہا۔
جنرل باجوہ