سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کامیاب ہو جائیگی : احسن اقبال

سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کامیاب ہو ...

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی۔کراچی میں میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ 2013 کا پاکستان نہیں، بجلی بحران اور دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے، کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ ختم کر دی گئی ہے، شہر میں کھیل کے میدان بھی آباد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنانا چاہیے، جمہوری قوتیں پاکستانی کی ترقی کیلئے کام کریں، ترقی کے دشمن پاکستان میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو افراد جرائم میں ملوث ہیں ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، مطلوب افراد کی حوالگی کے لیے ممالک سے رابطہ میں ہوتے ہیں، امید ہے تمام ادارے تعاون کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے کام کے لیے 5 سے 6 ماہ درکار ہیں، اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی اور عوام یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کے التو اور طویل دورانیے کے نگران سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں جو پیپلز پارٹی ہے کیا وہ سینیٹ سے مختلف؟ کیا پی ٹی آئی بھی مختلف ہے، اگر قومی اسمبلی میں ان تمام جماعتوں نے مردم شماری کے قانون کو اتفاق رائے سے پاس کیا تو سینیٹ میں کیا ہچکچاہٹ ہے۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ اول