ناجائز اثاثے بنانے پر پولیس انسپکٹرعمران سلیم کی درخواست ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ناجائز اثاثے بنانے کے مقدمہ میں ملوث سابق پولیس انسپکٹرعمران سلیم کی ضمانت کی درخواست خارج کرد ی ۔جسٹس مرزا وقاص رؤف کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے ملزم عمران سلیم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ نیب نے ناجائز اثاثے بنانے کے بے بنیاد الزامات کے تحت ریفرنس دائر کیا ہے، نیب ریفرنس میں ملزم پر 59 لاکھ روپے کے رقم غیر قانونی ذرائع سے حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے،ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے، پراسیکیوٹر نیب نے بتایاکہ ملزم 2007ء میں ترقی پا کر ایس ایچ او کے عہدے پر تعینات ہواملزم نے ناجائز ذرائع سے بھاری رقوم حاصل کیں، ملزم نے پاکستان سے ناجائز رقم کما کر بیرون ملک بھائی کو ہنڈی حوالہ کے ذریعے بھیجی، ملزم کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے سپین میں مقیم بھائی سے سالانہ 7 لاکھ روپے منگواتا رہا، ملزم کے خلاف واضح اور ٹھوس شواہد موجود ہیں، ملزم عمران سلیم کی ضمانت کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق ایس ایچ او گجرات عمران سلیم کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج کرد ی ۔