چینی قیادت نے رکاوٹوں کے باوجود میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے بھر پور ساتھ دیا : شہباز شریف

چینی قیادت نے رکاوٹوں کے باوجود میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے بھر پور ساتھ دیا : ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک چین معاشی تعلقات ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔چین کے سفیر نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام کی اجازت ملنے پر وزیراعلی شہبازشریف کو مبارکباددی ۔چینی سفیر نے کہاکہ عدالت کی جانب سے میٹروٹرین منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔چینی سفیر نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیاں اس ضمن میں متعلقہ کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی مربوط کوشش کریں گی۔انہوں نے کہاکہ آپ نے اس منصوبے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاہے اوریہ منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہوگا ۔چینی سفیر نے وزیر اعلی پنجاب کی گڈ گورننس اور برق رفتار ی سے قومی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے جذبے کوسراہتے ہوئے کہا کہ آپ پنجا ب کی ترقی کاایک روشن ستارہ ہیں اورآپ نے مشکلات کے باوجود مقررہ وقت سے قبل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ لاکھوں شہریوں کو باعزت، عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔چین کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یہ منصوبہ پاکستان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ رکاوٹوں کے باوجود چینی قیادت نے اس منصوبے کے لئے بھرپور ساتھ دیاہے۔میں چینی قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ہزاروں رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے عوامی خدمات کا سفر جاری رکھا ہے۔ حکومت کی کمٹمنٹ ہی کی وجہ سے اس وقت لوڈشیڈنگ کا بحران سرنگوں ہوچکا ہے۔ صرف قومی ترقی اور عوامی وقار ہمارا مطمع نظر ہے اور ہم اس عزم کی تکمیل کے لے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین پوری پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے اور ہم نے اس منصوبے کو قومی جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اور محنت سے کام کر کے کرنا ہے۔ جو ہوگیا سو ہو گیا، اب آگے کا سوچنا ہے اورمنصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہے۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوچکی ہے۔ جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ ہم نے عام آدمی کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب نئے جذبے، عزم اور محنت سے کام کرکے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے۔ جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہ بات آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سول، الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کاموں کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔انہون نے کہا منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ورکرز کو کام کے دوران ہیلمٹ پہنایا جائے اور حفاظتی اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ اب آپ نے انتہائی تیزی سے پختہ عزم اور سچے جذبوں کے ساتھ کام کرنا ہے۔ قوم کو کچھ کرکے دکھانے کے لئے آپ کے پاس یہ سنہری موقع ہے۔ چیلنج قبول کرکے آگے بڑھیں اور نتائج دیں۔ میں ذاتی طور پر اس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ وزیراعلی نے اجلاس کے شرکاء کو یہ شعر بھی سنایا ؐؐ’’مسافر شب کو اٹھتا ہے ۔۔۔جو جانا دور ہوتا ہے ‘‘۔مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب تھرمل پاور لمیٹڈ، نیسپاک کے حکام، کنٹریکٹرز اور چائنہ ریلوے۔ نورینکو کے عہدیداران لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔دریں اثناء شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سلسلے میں صوبہ پنجاب میں منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اوراس ضمن میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم قائدؒ کی تقریبات لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار طریقے سے منائی جائیں گی۔یوم قائدؒ کے سلسلے میں تقریبات صوبہ بھر میں 7 روز تک جاری رہیں گی۔ تعلیمی اداروں میں یوم قائدؒ کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یوم قائدؒ پر منعقد ہونے والی تقریبات، پروگرامز اور اس حوالے سے انتظامات کو قائداعظمؒ کی عظیم شخصیت کے شایان شان ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد کے باعث آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ جیسی عظیم شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنے عمل سے اقبالؒ کے خواب کو حقیقی تعبیر دی۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، جہانگیر خانزادہ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی والڈ سٹی لاہور، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

شہباز شریف

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے دنیا کے امن کیلئے فلسطین کو دیوار سے لگانے کی پالیسی خطرناک ہے، مقبوضہ بیت المقدس کو امریکہ کی جانب سے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور امت مسلمہ کی قیادت کو غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے کرنا ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ترکی پہنچ گئے ہیں۔دونوں رہنما مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے خصو صی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ استنبول ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگومیں وزیر اعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کرنے کے صدر ٹرمپ کے اعلان نے مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، اس اقدام سے دنیا میں قیام امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا خون کیا ہے۔آج ترکی میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کو تمام مسلمانوں کے جذبات کو سامنے رکھتے ہوئے مناسب اور دانشمندانہ فیصلے کرنا ہونگے ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول