بارش اور برفباری سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ

بارش اور برفباری سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک طرف ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، وہیں محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث شہر میں ہفتے تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کم سیکم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے میں شہر میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور برفباری کے باعث وادی نیلم کے علاقے شاردہ کیل تاؤبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔اْدھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی نانگاپربت، پٹوگا اور بابوسرٹاپ پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چلاس شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے۔پنجاب میں پاک پتن، گوجرہ اور کمالیہ میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔لاہور اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

سردی

مزید : صفحہ اول