کلبھوشن کے معاملہ پرپاکستان آج عالمی عدالت انصاف میں جواب جمع کرائیگا، دفتر خارجہ
اسلام آباد(صباح نیوز)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر تمام متعلقہ اداروں، وزارت خارجہ اور ہیگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے مل کرجواب تیار کیا ہے جو آج عالمی عدالت انصاف میں جمع کرادیا جائے گا، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جواب ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر کے ذریعے جمع کرایا جائے گا، حکومت پاکستان کی طرف سے اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف سارے معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ایک دہشت گرد کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں چلایا جاسکتا، اسے پاکستان نے تمام عدالتی کارروائی اور اپنی صفائی کا بھرپورموقع دینے کے بعد سزا سنائی ہے پاکستانی جواب میں کلبھوشن کے خلاف ثبوت اور تمام تر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور پورے عدالتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسے سزا سنائی گئی۔
دفتر خارجہ