جماعت اسلامی مجلس شوریٰ کااجلاس ملکی سیاسی حالات پر تشویش کااظہار

جماعت اسلامی مجلس شوریٰ کااجلاس ملکی سیاسی حالات پر تشویش کااظہار

لاہور( لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کااجلاس امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بحث کے بعد ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں پاکستان کے سیاسی حالات میں مایوسی اور بے یقینی کے بڑھتے ہوئے اندھیروں پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ مرکزی مجلس شوریٰ کی نظر میں ایک طرف جماعت اسلامی پاکستان کی کرپشن فری پاکستان تحریک کی کامیاب پیش رفت کے نتیجہ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ برسراقتدار طبقہ کے مؤثر احتساب اور عدلیہ کی مضبوط گرفت کی روایت قائم ہوئی ہے ایک طرف پارلیمنٹ نے متفقہ انتخابی اصلاحات کی منظوری دی ہے تودوسری طرف ملک میں انتخابات کے بر وقت انعقاد کے حوالے سے بے یقینی کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔قرار داد میں اس عزم کا اظہار کیا گیاہے کہ جماعت اسلامی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور اس سلسلہ میں جماعت اسلامی ترجیحاً دینی جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قرار داد میں نئی مردم شماری کے نتیجہ میں شفاف حلقہ بندیوں کے آئینی تقاضوں کو پورا کرکے انتخابات کے بر وقت انعقاد کویقینی بنانے پرزور دیا گیاہے اور کسی بھی طرح کے ماورائے آئین اقدامات کو قومی سلامتی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ہر لحاظ سے آزاد اور بااختیار بنایاجائے۔ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں ،انتخابی فہرستوں،پولنگ اسکیم وغیرہ کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں جلد مکمل کرے اور بر وقت انتخابات کے انعقاد کے لیے ضابطے کی پیش رفت کی جائے۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ جس طرح عقیدہ ختم نبوت کے سلسلہ میں متفقہ آئینی و قانونی دفعات اور حلف نامے پر شب خون ماراگیا اور پارلیمانی اصلاحات کی آڑ میں قادیانیوں کو فائدہ پہنچانے کی مذموم سازش کی گئی وہ قابل مذمت ہے ۔ اس کوامیرجماعت اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی قائد و ممبران نے بر وقت بے نقاب کیاہے، جس پر ہم ان کو مبارکباد دیتے ہیں اور پارلیمنٹ کی تمام دینی و سیاسی جماعتوں کاشکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے متفقہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنایا ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ کو فوری طور پر منظر عام پر لایاجائے، اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔

جماعت اسلامی کا اجلاس

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...