شاہ کوٹ : بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 4بھائی جاں بحق ، 3 افراد زخمی

شاہ کوٹ : بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 4بھائی جاں بحق ، 3 افراد زخمی

شاہ کوٹ ،سانگلاہل،ننکانہ( نمائندگان،تحصیل رپورٹر)نواحی چک نمبر 18 بہوڑو میں رات کے وقت محنت کش نثار احمد کے مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کراس کے 4بیٹے 17سالہ ولید احمد، 12سالہ محمد اویس،10سالہ نورالمصطفیٰ ،5سالہ محمد شرجیل موقعہ پر جاں بحق ہو گئے،اسکی بیوی ریحانہ بی بی،کم سن بیٹی سحر فاطمہ اور بیٹا نور الہدیٰ شدید زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122کی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کرنعشوں کو ملبے سے نکالااور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا،4بیٹوں کی ہلاکت پر گاؤں میں کہرام مچ گیا،ہر آنکھ اشکبار ہو گئی،بتایا گیا ہے کہ نثار احمد کے اہل خانہ رات کو گھر میں سو رہے تھے،نصف شب کے بعد بارش کی وجہ سے خستہ حال مکان کی چھت گر گئی،نثار احمد کے 4بیٹے ملبے تلے دب گئے اور شدید چوٹیں آنے سے موقعہ پر دم توڑ گئے، وقوعہ کی اطلاع ملنے پر گاؤں میں قیامت صغریٰ برپا ہو گئی اہل دیہہ اور رشتہ دار مرد وخواتین سمیت سینکڑوں افراد موقع پر جمع ہو گئے رشتہ دار خواتین پر غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ ادھر ہسپتال میں زیر علاج نیم بے ہوش ماں اور بہن دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں۔ نثار احمد شاہ کوٹ میں کھجور والی مسجد کا خادم ہے، اس کا گھرنہائت خستہ حال ہے،چھت گرنے پر زخمیوں کی چیخ و پکار کر اہل دیہہ جمع ہو گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں،اسی دوران ریسکیو1122کی ٹیم بھی پہنچ گئی،حادثہ کی اطلاع ملنے پر مقامی اسسٹنٹ کمشنر سید صابر حسین شاہ،قانونگو حاجی محمد جمیل ملک اور تھانہ صدر کے انچارج محمد نواز ورک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے،جاں بحق ہونے والا محمد اویس نہم جماعت اور دیگر بچے بھی مقامی سکول میں زیر تعلیم تھے،4بیٹوں کی اکٹھی نعشیں دیکھ کر بچوں کا والد نثار احمد غم سے نڈھال ہو گیا،متوفیاں کو چک نمبر18بہوڑو میں سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں حلقہ بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی،4بھائیوں کے اکٹھے جنازے اٹھنے پرگاؤں میں کہرام مچ گیا،عزیز رشتہ دار دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ نماز جنازہ معروف پیر محمد نورالمصطفے رضوی صاحب نے پڑھائی چاروں جنازے ایک ساتھ اٹھے تو اندوہناک اور دل ہلا دینے والے مناظر دیکھنے میں آئے۔

4 بھائی جاں بحق

مزید : صفحہ آخر