دھڑے بندیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم زوال پذیر ہے :امیر مقام

دھڑے بندیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم زوال پذیر ہے :امیر مقام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے جمہوریت کے نام نہاد دعویدار اکٹھے ہورہے ہیں ۔ دھڑے بندیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔کراچی سمیت سندھ بھر میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے کوشش کررہے ہیں ۔تبدیلی کی گواہی کراچی شہر دے رہا ہے ۔جعلی طریقے سے جعلی تبدیلی کی ہم بات نہیں کرتے ہیں ۔جب تک لوگ پی ٹی آئی میں شامل نہ ہوں توان کو وہ سب چور ڈاکو نظر آتے ہیں۔سینٹ میں نئی حلقہ بندیوں کا بل نواز لیگ کا نہیں عوام کے لئے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مسلم لیگ کے رہنما شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔امیر مقام نے کہا کہ کراچی میں ملک کے کونے کونے کے لوگ بستے ہیں ۔کراچی سب کا شہر ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔کراچی میں کامیابیوں کے اس تسلسل کو عام انتخابات تک برقرار رکھا جائے گا ۔ایم کیو ایم دھڑے بندیوں کا شکا ر ہے جس کی وجہ سے اس کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کسی نے تبدیلی دیکھنی ہے تو کراچی آکر دیکھ لے ۔وفاقی حکومت کی وجہ سے اس شہر کا امن بحال ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک میں معاشی استحکام لایا گیا ہے ۔سی پیک پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ہم سرخرو ہوکر عوام کی عدالت میں جائیں گے ۔جمہوریت کے نام نہاد عویدار ملک میں افرا تفری پھیلانے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں ۔یہ وہ لوگ ہیں جو عوام کی عدالت میں نہیں جاسکتے ا س لیے نت نئے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں ۔امیر مقام نے کہا کہ مردم شماری حکومت اور فوج نے کروائی ہے۔مردم شماری کے نتائج شفاف ہیں ۔اعداد و شمار کے لحاظ سے پنجاب کی سیٹیں کم ہوئی ہیں ۔سینٹ میں نئی حلقہ بندیوں کا بل نواز لیگ کا نہیں عوام کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو مین اسٹریم میں لانے کا فیصلہ پارٹی قیادت نے کیا ہے ۔نواز شریف نے فاٹا سے متعلق ریفارم کمیٹی بنائی ۔فاٹا ریفارم بل مسلم لیگ (ن) نے اسمبلیوں سے پاس کروایا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے دعووں کے برعکس حالات انتہائی مختلف ہیں ۔کے پی کے کی تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں لیا گیا جتنا پی ٹی آئی کی حکومت نے لیا ہے ۔تحریک انصاف والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔پہلے یہ لوگ میٹرو بس کو جنگلا بس کہتے تھے اب پشاور میں بھی شہباز شریف کی پیروی کرتے ہوئے میٹرو بس منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔