کھیل کود سے نوجوانوں میں حوصلہ پیدا ہوتا ہے :محمود خان
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،آبپاشی،امورنوجوانان اورپاکستان تحریک انصاف ملاکنڈریجن کے صدرمحمود خان نے نوجوانوں پر زوردیاہے کہ علم تحقیق کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان کے بھی وہ شہسواربنیں کیونکہ کھیل امن کی ضمانت دینے کے ساتھ زندگی کو منظم بنانے میں نہایت کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔اسی لئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قیوم سپورٹس سٹیڈیم پشاورمیں نیشنل یوتھ کارنیوال کے اختتام کے موقع پر منگل کے روزمنعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک تھے ۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس خیبرپختونخوا طارق خان بھی موجود تھے۔نیشنل یوتھ کارنیوال میں پنجاب ،سندھ،بلوچستان،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان ،فاٹا اورخیبرپختونخواکے 110 تعلیمی اداروں اور17 دینی مدارس کے 2 ہزار نوجوانوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔محمود خان نے کہا کہ نیشنل یوتھ کارنیوال نے پاکستان کے نوجوانوں کویکجا کردیاجس سے پوری دنیا کو امن اورمحبت کا پیغام جائیگا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایک زرخیز خطہ ہے اس میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے مگر نہایت افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں حکمرانوں نے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لئے کچھ نہیں کیا۔ اس کے برعکس موجودہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجا گرکرنے پرخصوصی توجہ دی ہے۔انہوں نے نیشنل یوتھ کارنیوا ل کے مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقابلوں میں ہار جیت ہوتی ہے مگر حوصلہ نہیں ہارنا چاہیئے ۔