سابق ادوار میں سرخ جھنڈوں اور شریعت کے نامپر عوام کو بے وقوف بنایا گیا:اسد قیصر
پشاور( سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں سرخ وسبز جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوں نے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی طرف کوئی توجہ دی ۔انہوں نے کہا کہ اب کرپشن جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کوحقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب انہوں نے ضلع صوابی میں میگاترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگا ر کے مواقع پیداکئے جبکہ دوسری طرف صوبائی اسمبلی میں ان کے ہاتھوں اسلامی قانون سازی کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا ۔جس میں معاشرے سے غیر اسلامی سودی کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرکے ان کے لئے سزائیں مقرر کر نا ،سکولوں میں پہلی سے پنجم جماعت تک ناظرہ قرآن اور چھٹی سے بارہویں تک باترجمہ قرآن پڑھانے کا نظام رائج کرنا ،عقیدہ ختم نبوت صوبہ بھر کے نصاب میں شامل کرنا ، حضرت عمرؓ کی شہادت کا دن منانے کیلئے عام تعطیل کا اعلان کرنا وغیر ہ شامل ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوابی کے موضع بام خیل میں 60لاکھ روپے کی لاگت سے جنازگاہ کی تعمیر کے افتتاح کے بعد ایک بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں مظہر نے اپنے خاندان دوستوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مغربی روٹ کے منصوبوں کے بارے میں انہوں نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ داخل کی تھی اور مرکزی حکومت نے مجبورہوکرخیبر پختونخوا کیلئے میگامنصوبوں کی منظور ی دے دی ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی جیت ہے انہوں نے کہا کہ ان میں منصوبوں میں سے ایک منصوبہ رشکئی انٹر چینج کے قریب اکنامک زون کا قیام ہے جس کے قیام سے 20لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔سپیکر نے کہا کہ اپنے دور میں خیبر پختونخوا کے عوام کے کئی ایک مسئلے ان کے ہاتھ سے حل ہوئے جس پر ان کو خوشی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق صوبہ کی 75فیصد آبادی پی ٹی آئی کی حمایت کر رہی ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ مرکز کے ساتھ صوبہ میں بھی واضح اکثریت سے پی ٹی آئی حکومت بنائے گی سپیکر نے کہا کہ پشتوفلموں سے بے حیائی کے خاتمے کیلئے جلد صوبائی اسمبلی سے بل پا س کیا جائے گا نیز آئس کے نشے پر سخت پابندی عائد کرنے کیلئے قانون سازی کرکے سزائیں مقرر کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی تو انہوں نے صوابی کو محرومیت سے دو چار کیا ۔پہلی حکومت نے گدون کی مراعات چھین لیں اور دوسری بار حکومت نے صوابی کا پانی چوری کر لیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے اچھی طر ح واقف ہو گئے ہیں ۔