معیاری تعلیم کی فراہمی اور مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھایا ،عارف احمد زئی

معیاری تعلیم کی فراہمی اور مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھایا ،عارف احمد زئی

چارسدہ (بیورو رپورٹ)تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عارف احمد زئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے قوم کے نونہالوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلباء کی مثبت سرگرمیوں کو بھی پر وان چڑھایا ۔ سرکاری سکولوں میں کھیلوں کے انعقاد سے بچوں میں خود اعتماد ی پید ا ہو رہی ہے ۔ نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اس لئے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات شہید ہائیر سیکنڈری سکول میں کھیلوں کے سالانہ مقابلوں کے تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر منتظر خان اورڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سراج محمد نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈی او فضل واحد ، پی ای ٹی فضل محمد سمیت مختلف سکولوں کے پرنسپل صاحبان ، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایم پی اے عارف احمد زئی ، ڈپٹی کمشنر منتظر خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سراج محمد نے کہا کہ تعلیمی لحاظ سے ضلع چارسدہ کو ماڈل ضلع بنایا جائیگااور اس حوالے سے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جن قوموں کے کھیلوں کے میدان آباد ہو تے ہیں وہاں ہسپتال ویران پڑے رہتے ہیں ۔ مقررین نے واضح کیا کہ بچوں کے بہتر تعلیم و تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی کیونکہ قوموں کی ترقی حصول تعلیم سے وابستہ ہے ۔ آج مغربی دنیا جدید علوم کے بل بوتے پر بام عروج پر پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ صوبائی حکومت نے میرٹ کی پامالی ،کرپشن اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ تعلیم کی ترقی اور وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کر نے کیلئے صوبائی حکومت تعلیم کے میدان میں بھی انقلابی اصلاحات لا چکی ہے جس کے مثبت اور دوررس نتائج برآمد ہونگے ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک بہترین اسلامی ملک ہے جو ایک نظریہ کے تحت معرض وجود میں آیا ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے آج انجینئر اور ڈاکٹر ز بن کر قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ پر حصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ تقریب کے اختتام پرکھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر