جمعہ کویوم تحفظ قبلہ اوّل کے طور پر منا ئیں گے،تحریک تحفظ ناموس رسالت

جمعہ کویوم تحفظ قبلہ اوّل کے طور پر منا ئیں گے،تحریک تحفظ ناموس رسالت

مظفرآباد(بیورورپورٹ)تحریک تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت ؐ آزادکشمیر نے جمعۃ المبارک کو ’’یوم تحفظ قبلہ اوّل ‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کردیا ۔خطبا کرام سے حرمت قبلہ اول اور بیداری ملت کے موضوع پر گفتگو کرنے اور بعد از نماز جمعہ تحفظ القدس شریف ریلیاں نکالنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ سب سے بڑی ریلی دارالحکومت میں اپراڈہ تا عزیز چوک نکالی جائے گی۔یہ فیصلے تحریک تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت ؐ آزادکشمیر کے صدر علامہ حمیدالدین برکتی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد زمان سیفی ‘ صاحبزاد ہ محمد رفیق جھاگوی ‘ صدام عباسی ‘صاحبزادہ عبدالرؤف نظامی ‘ قاری طارق حسین ‘قاری محمود احمد چشتی ‘ قاری محمد یونس ودیگر نے شرکت کی ۔ شرکائے اجلاس نے امریکی صدر کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اوراپنا سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے احمقانہ فیصلہ قرار دیا جو امن عالم کی تباہی کا باعث بنے گا۔ امریکی صدر کایہ فیصلہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔اور اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہے جس کا پوری دنیا اور بالخصوص مسلم اقوام کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ اس سلسلہ میں حرمت قبلہ اول اور بیداری امت مسلمہ کے لئے آمدہ جمعہ 15دسمبر کو ’’یوم تحفظ قبلہ اول‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ تحریک کے رہنماؤں نے خطبا کرام سے اپیل کی ہے کہ خطبات جمعہ میں حرمت قبلہ اول اور بیداری ملت کے موضوع پر گفتگو کریں تاکہ مسلم ملت میں اس اہم معاملے کی اہمیت اجاگر ہو ۔ نیز بعد از نماز جمعہ ’’ تحفظ قبلہ اول ‘‘ ریلیاں نکالی جائیں اس سلسلہ میں سب سے بڑی ریلی مظفرآباد میں بعداز نماز جمعہ اپراڈہ سے عزیز چوک تک نکالی جائے گی ۔جس میں شمع رسالت کے پروانے ‘ علما کرام ‘ مشائخ عظائم اور مختلف طبقائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ریلیوں میں جوق درجوق شرکت کرکے قبلہ اول سے اپنی محبت کا عملی مظاہرہ کیا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...