وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میئر استنبول سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
استنبول(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے استنبول کے میئر میلوت یوسال سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب حکومت اوراستنبول کے مابین مختلف شعبوں خصوصاً شہری سہولتوں میں بہتری کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی بھی شدید مذمت کی،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ترکی کا دل کے بہت قریب ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین بے مثال دوستانہ تعلقات ہیں،ترکی اور پاکستان کی کے دو طرفہ تعلق کی بڑی وجہ مولانا جلال الدین رومی اور علامہ اقبال کا روحانی میل ہے۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے مشکل وقت میں ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا،پا کستان کے ہر شعبہ میں وسیع تعاون اور بھرپور حمایت کیلئے دل کی گہرائیوں سے ترک قیادت کا شکر گزار ہوں،انہوںنے کہا کہ میٹرو پولین میونسپلٹی آف استنبول نے پاکستان میں سماجی اور معاشی تر قی میں سہارا دیا،پنجاب میں معاشی اصلاحات کےلئے میئر استنبول کے غیر معمولی ذاتی تعاون کےلئے تہہ دل سے شکر گزار ہوں،وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ استنبول ماڈل کو پنجاب کے تین شہروں میں میٹرو بس منصوبوں میں استعمال کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ اور ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں میں استنبول منصوبوں کی پیروی کی گئی ہے،پنجاب کے لوکل گورنمنٹ ادارو ں کےلئے میٹرو پولین میونسپلٹی آف استنبول بہترین نمونہ ہے۔
وزیر اعلی ٰ پنجاب شہباز شریف نے ا مید طاہر کی ہے کہ میئر کی سربراہی میں آئندہ بھی استنبول میٹرو پولین میونسپلٹی اور پنجاب بھرپور کردار ادا کریں گے،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ترکی کے ساتھ گہرے اشتراک اور تکینکی معاونت میں مضبوطی کی خواہش بھی ظاہر کی،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی نے بے پناہ ترقی کی ہے اورترک عوام اپنے قائدرجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں،مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلہ مشرق وسطی میں امن کوسبوتاژکرسکتا ہے،اسلامی دنیا کو اس اہم ترین مسئلے پر یکجاہوکر موثر حکمت عملی اپنانا ہے۔
دوسری جانب میئر استنبول میلوت یوسال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے اورشہری سہولتوں کی بہتری کیلئے بھی تعاون کو جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہا کہ آپ نے صوبے کی ترقی کیلئے مثالی کام کیا ہے،ہم آپ کی محنت اورعزم کے قائل ہیں۔
ڈیلی پاکستان کے یو ٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں پر کلک کریں