حکومتی قلمدان نالائق لوگوں کے ہاتھ میں ہونا کرپٹ لوگوں کے پاس ہونے سے زیادہ خطرناک ہے:رانا محمد افضل خان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر مملکت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ حکومتی قلمدان نالائق لوگوں کے ہاتھ میں ہونا کرپٹ لوگوں کے پاس ہونے سے زیادہ خطرناک ہے،مشرف کا دور واپس آ چکا ہے کیونکہ موجودہ دور اورپرویز مشرف کا دور زیادہ مختلف نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد افضل خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام الیکشن چوری ہونے پر دکھی ہیں،مشرف دور میں بھی بہت سے لوگوں کو بشمول میرے بغیر کسی الزام کے گرفتار کر لیا جاتا تھا اور بعد میں بھی ہمارے خلاف شواہد اکٹھے کرنے میں حکومت ناکام ہی رہتی تھی،مشرف دور میں مجھے جہاز میں بیٹھے ہوئے یہ کہہ کر اتار لیا گیا تھا کہ میرا نام سی ایل میں شامل ہے لیکن کیمپوٹر میں میرا نام ہی نہیں تھا جو دو تین دن بعد ڈالا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں سپریم کورٹ کو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن نیب سمیت دوسرے اداروں کو کہہ سکتا ہوں میرے پاس بڑی طاقت ہے میں کچھ نہ کچھ راستہ نکال سکتا ہوں ،وزیر اعظم کو یہ طاقت کہیں اور سے منتقل ہو رہی ہے آئین اس کی اجازت نہیں دیتا ، یہاں پر جو کچھ ہو رہا ہے اور کوئی بندہ زیادتی کر کے آتا ہے تو وزیر اعظم اسے ’’میرا چیتا آ گیا ‘‘کہہ کر بلاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزرا صرف نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، ان سے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی جا رہی،حکومتی قلمدان نالائق لوگوں کے ہاتھ میں ہونا کرپٹ لوگوں کے پاس ہونے سے زیادہ خطرناک ہے، کرپٹ لوگوں نے ملک کا اتنا بیڑا غرق نہیں کیا جتنا نالائق لوگوں نے تین ماہ میں عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل کر کر دیا ہے۔