اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت احتساب سے پیچھے ہٹ جائے ، عوام چاہتی ہے کرپشن کرنیوالوں سے ریکوری کرکے جیلوں میں ڈالاجائے :فواد چودھری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں تماشہ اس لئے لگاتی ہے کہ حکومت احتساب سے پیچھے ہٹ جائے لیکن عوام چاہتی ہے کہ کرپشن کرنیوالے کوپکڑ جیل میں ڈال کر ریکوری کی جائے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خا ن کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اپوزیشن کا تناﺅ اس معاملے پر ہے کہ احتساب سے پیچھے ہٹا جائے ،قومی اسمبلی کی موجودہ صورتحال بھی اس وجہ سے ہے کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ان کے مقدمات پر نرمی دکھائی جائے لیکن عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ ہی اس لئے دیا ہے کہ کرپشن کرنیوالوں کااحتساب کیاجائے اوران کوپکڑ کر جیل میں ڈال کر ریکوری کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو قانون سازی کیلئے آرڈیننس بنانے کی ضرورت نہیں ہے ، ہم اتفاق رائے سے قانون بنانے کے حق میں ہیں لیکن ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے جبکہ چیئر مین پی اے سی کے حوالے سے مسئلہ یہ ہے کہ نواز شریف کے منصوبوں کا آڈٹ شہباز شریف کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اورآصف زرداری کے معاملات ہم نے شروع نہیں کئے ، اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں ہے صر ف اپنی اہمیت دکھانے کیلئے ایک تماشہ لگایا جاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے خود اپوزیشن میں بھی اختلافات ہیں اور یہ متحد نہیں رہے گی ،اپوزیشن کی قیادت نزدیک آرہی ہے جبکہ نچلی سطح پر انتشار پھیل رہاہے ۔