حکومت کی ہارس ٹریڈنگ یا پیٹر یاٹ بنانے کی کوشش بھول ثابت ہوگی :احسن اقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ جولوگ ہیں وہ پکے اور ثابت قدم ہیں ، اگر حکومت کوئی ہارس ٹریڈنگ یا پٹیریاٹ بنانے کی کوشش میں ہے تو بھول ہے ، نااہلی سے حکومت چلانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مراد سعید صاحب کونسا این آر اودے سکتے ہیں ، کیایہ نیب یا سپریم کورٹ کے ترجمان ہیں کہ یہ این آر او دے سکیں ؟ اگر ان کی این آر او دینے کی بات ٹھیک ہے تو پھر یہ تاثر درست ہے کہ نیب اورحکومت مل کر اپوزیشن پر دباﺅ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم باربار یہ کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے جو منصوبے لگائے ہیں ہم ان کے ذمہ دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل بات یہ ہے تحریک انصاف سے حکومت نہیں چل رہی اور وہ اپنی ناکامیوں پر پردا ڈالنے کیلئے ایسی باتیں کرتے ہیں، مراد سعید این آر او مانگنے والوں کے نام کبھی بھی سامنے لیکر نہیں آئیں گے بلکہ ایسی نا اہلیوں سے حکومت چلانے کی کوشش کریں گے ۔ ان کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ جولوگ ہیں وہ پکے اور ثابت قدم ہیں ، اگر حکومت کوئی ہارس ٹریڈنگ یا پٹیریاٹ بنانے کی کوشش میں ہے تو یہ ان کی بھول ہے ۔