این آر او مانگنے والے 7 لیگی ارکان کے مقدمات نیب کے پاس نہیں ہیں :معاون خصوصی وزیر اعظم افتخار درانی کا انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے 7ارکان نے جن مقدمات میں این آر اومانگاہے ، وہ مقدمات نیب کے پاس نہیں ہیں ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگوکرتے ہوئے افتخاردرانی نے کہا کہ ہمیں انتظار کرنا چاہئے تاکہ این آر او مانگنے والوں کے حوالے سے واضح معلومات سامنے آجائیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے 7ارکان نے جن کیسز میں این آر اومانگا گیاہے وہ کیسز نیب کے پاس نہیں ہیں۔ یہ استحقاق مراد سعید کا ہے وہ خود ہی اس بارے میں بتائیں گے کہ کن سات لوگوں نے این آر او مانگاہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو کمیٹیاں بنانے میں 13ماہ لگے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی کمیٹیاں بنانے کیلئے چارماہ لگائے تھے ، ان کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت اچھا کام کررہی ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ احتساب بیورو نواز شریف نے بنایاتھا جوبعد میں نیب بن گیا، تحریک انصاف نے نیب میں درجہ چہارم کا ملازم بھی بھرتی نہیں کیا ، شہبازشریف اور سعد رفیق کے مقدمات اس سے قبل چل رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کو سپریم کورٹ میں جاناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہرا معیار ہے تو چیئرمین نیب لگایا ہوا تو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کاہے لیکن بات ہماری مان رہاہے ، یہ کیسی بات ہے ؟