احتساب کے نام پر 1970سے تماشہ لگایا جارہاہے، حکومت خود پھنس جائیگی :ملک احمد خان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہاہے کہ احتساب کے نام پر 1970سے تماشہ لگایا جارہاہے ،حکومت جوکررہی ہے ، اس میں خود ہی پھنس جائیگی۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ مراد سعید پہلے بھی جلسوں اور اسمبلی میں ایسی باتیں کرتے رہے ہیں جن کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی اور بعد میں حکومت کو پریشانی کا سامناکرنا پڑتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہانی احتساب کے مختلف اداروں سے چلتی ہوئی نیب تک آئی ہے ، تمام حکومتیں کرپشن کے نام پر نکالی گئیں اور بعد میں نکالنے والوں کوبھی اسی طرح ذلیل کرکے نکالا گیاجیسا ان سے دوسروں کونکلوایا گیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ جب نیب اپنی کارکردگی لیکر آئیگی تو میں اپنی شہرت کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے جواب مانگوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر یہ تماشہ 1970سے کبھی مسلم لیگ کے ہاتھ سے ، کبھی پیپلزپارٹی کے ہاتھ سے اوراب تحریک انصاف کے ہاتھ سے لگایا گیاہے لیکن کسی پر جرم ثابت نہیں ہوتا صرف الزامات ہی لگتے ہیں،حکومت جوکررہی ہے ، اس میں پھنس جائیگی اورکچھ نہیں کرسکے گی ۔