ہر حکومت میں رہنے کا شوق رکھنے والوں کابھی احتساب ہوناچاہئے :ناز بلوچ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہاہے کہ ہر حکومت میں رہنے کاشوق رکھنے والوں کا احتساب ہوناچاہئے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا ہر حکومت میں رہنے کا شوق رکھنے والوں کابھی احتساب ہوناچاہئے ، حکومت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی پر اٹکی ہوئی ہے، مہنگائی سے عوام کابرا حال ہے ، حکومت ناکامیوں کو چھپانے کیلئے جوکچھ کررہی ہے ، ایسی سیاست کوجمہوریت نہیں کہتے بلکہ من مانی کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اچھے نعروں پر حکومت بنائی اورہر پاکستانی چاہتا ہے کہ اچھا ہو اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارے مگر مچھ جو پرویز مشرف کی حکومت میں بھی تھے ، وہ تحریک انصاف کی حکومت میں بھی بیٹھے ہوئے ہیں۔یہ لوگ ہر دورحکومت میں اقتدار کاحصہ ہوتے ہیں ، یہ پچھلی دفعہ مسلم لیگ ن کاحصہ تھے اوراب وہ تحریک انصاف کاحصہ ہیں اور آنیوالی حکومت کابھی حصہ ہونگے ۔