جبری مشقت کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن ، 20بچے بازیاب ، مالکان کیخلاف مقدمات درج

جبری مشقت کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن ، 20بچے بازیاب ، مالکان کیخلاف مقدمات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سٹی رپورٹر) سیکرٹری لیبر سائرہ اسلم کی ہدایت پرمحکمہ لیبر کی ٹیموں نے چائلڈ لیبر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر لیبر ساؤتھ محمد نصراللہ چودھری کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کاشف عزیز جوئیہ اور چودھری طیب ورک پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں جس میں لیبر افسروں کو بھی شامل کیا گیا اور محکمہ لیبر کی ان ٹیموں نے اچھرہ، مسلم ٹاؤن، ملتان روڈ، مالی پورہ، کاہنہ، مانگا منڈی ، سندر، رائے ونڈی سٹی ، پتوکی، پھول نگر سمیت 30 مقامات پر چھاپے مارے اوراس میں ورکشاپوں ، کارخانوں اور ہوٹلوں سمیت موٹرسائیکل کی دوکانوں سے 20 بچوں کو بازیاب کرا لیا اور جبری مشقت لینے والے کارخانوں اورورکشاپوں کے مالکان کے خلاف 20 مقدمات درج کروا دئیے گئے۔ محکمہ لیبر ساؤتھ ڈویژن کے فوکل پرسن ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اختر کے مطابق چائلڈ لیبر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں سیکرٹری لیبر سائرہ اسلم اور ڈائریکٹر لیبر ساؤتھ محمد نصراللہ چودھری کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جائیں گے جس کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر لیبر افسروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اختر نے مزید بتایا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمہ تک ٹیمیں متحرک رہیں گی، بچوں سے جبری مشقت لینے والوں کو موقع سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔