ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر نتائج ،امیر الدین میڈیکل کالج کی پہلی پوزیشن
لاہور(جنرل رپورٹر)ایم بی بی ایس تھرڈ ائیر(پروفیشنل) 2018کے سالانہ نتائج میں لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نے 98.97فیصد نتیجے کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام صوبے بھر کے 39میڈیکل کالجوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ اس کامیابی پر طلباو طالبات اور اساتذہ کیلئے اپنے مبارکباد کے پیغام میں پرنسپل پی جی ایم آئی و اے ایم سی پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ اس کالج نے اپنی سابقہ روایا ت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی میدان مار لیااور دیگر میڈیکل کالجز کے مقابلے میں ایسا نتیجہ دیا جس پر اس کالج کا ہر سٹوڈنٹ فخر کر سکتا ہے ۔
گزشتہ روز امیر الدین میڈیکل کالج کے شاندار رزلٹ پر طلبا و طالبات نے جشن منایا اوراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی جی ایم آئی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز اور کالج کے سینئرز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت اور عالمی سطح پر اس ادارے کی نیک نامی کیلئے بھرپور جدوجہد کرتے رہیں گے۔پروفیسر محمد طیب نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹوڈنٹس کو اُن کی محنت کا ثمر ملا اور اس پر اساتذہ کی ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے پروفیشن سے وابستہ ہر طالب علم دوہری ذمہ داری کا حامل ہے کیونکہ اسے اپنی عملی زندگی میں کامیاب ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کی بھاری ذمہ داری ادا کرنا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج نے تھوڑے عرصے میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس میڈیکل کالج کا پہلا بیج ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھ چکا ہے ۔
پہلی پوزیشن