معروف صوفی بزرگ حضرت شاہ جمالؒ کے 391ویں عرس کا آغاز
لاہور (فلم رپورٹر)محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام برصغیر پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت شاہ جمال ؒ کے 391ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے لئے 1 لاکھ 33 ہزار روپے کا اجراء کیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سیّد سعیدا لحسن شاہ نے عرس مبارک کی تقریب کا افتتاح مرقد پر چادر پوشی سے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمدگھمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔محکمہ اوقاف نے زائرین کو ہر قسم کی سہولت کی فراہمی کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔
عرس مبارک کی تقریبات 2دن تک جاری رہیں گی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے بزرگان اسلام کی تعلیمات سے رہنمائی کی از حد ضرورت ہے۔ ان کے افکار اسلامی علوم و معارف کا خزانہ اوران کے آستانے روحانی فیوض کے مراکز ہیں ۔ تمام بزرگان کی کتب شریعت و طریقت کے مضامین سے آراستہ ہیں۔انہوں نے صوفیانہ افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین و نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔ ایک ہزار سال قبل ہند کی سرزمین میں ان بزرگان ؒ نے حرفِ حق کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت ، نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رسالت اور اسلام کی حقانیت کا جو بیج بویا ،وہ اللہ تعالیٰ کی تائیدنصرت سے ایک ایسا تناور درخت بن گیا جِس کی جڑیں اس سرزمین میں نہایت مضبوط ہوگئیں اور شاخیں وسیع فضاؤں میں پھیل گئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات دے گئے ہیں۔جبکہ ان درباروں کے ارد گرد کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت نکاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔