مشاورتی کمیٹیوں میں فیصل آباد چیمبرکو موثر نمائندگی دی جائیگی‘ ڈویژنل کمشنر
فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد ڈویژن کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں بزنس کمیونٹی کی موثر شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژن اور ضلعی سطح کی تمام مشاورتی کمیٹیوں میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو موثر نمائندگی دی جائے گی اور اس سلسلہ میں بہت جلد نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا۔ یہ بات ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ شوگر کین ، سیس ہائی رائز بلڈنگ ، ایف ڈی اے ، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر کمیٹیوں میں چیمبر اور دیگر سٹیک ہولدڑز کی شمولیت سے ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کو بھی موثر طور پر حل کیا جا سکے گا۔
انہوں نے سرکاری اداروں اور بزنس کمیونٹی میں موثر رابطوں پر زور دیا اور بتایا کہ مل کر کام کرنے سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے حوالے سے فیصل آباد چیمبر نے بھر پور تعاون کیا ہے اور اس سے شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے میں بھی مدد ملے گی۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں روزانہ 1600میٹرک ٹن کوڑا پیدا ہوتا ہے جبکہ کمپنی کے پاس صرف 1200ٹن کوڑا اٹھانے کی استعداد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب حکومت نے اضافی کوڑے کو ٹھکانے لگانے کیلئے نجی شعبہ سے گاڑیاں کرایے پر لینے کی اجازت دے دی ہے۔ جس سے صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے کاموں میں فیصل آباد چیمبر کی موثر شرکت سے ہی ریسورس گیپ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوامی‘ شہری اور فلاحی کاموں کے سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ شہر آپ لوگوں کا ہے اس لئے اس کی بہتری میں آپ لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر نے بتایا کہ مدینہ ٹاؤن کے ہاکی سٹیڈیم کی سڑکوں کی فوری مرمت کیلئے دو کروڑ روپے کی گرانٹ کی سفارش کی ہے جبکہ یہاں آسٹرو ٹرف بچھانے کیلئے بھی اعلیٰ سطح پر رابطے کئے جار ہے ہیں انہوں نے سٹیڈیم میں دکانوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ وہ اس بارے ایک ریفرنس ایف آئی اے کو بھیج رہے ہیں ۔ انہوں نے مختلف سوالوں کے بھی جواب دیئے اور بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری پر کام جاری ہے اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو بھی اپنی سفارشات دینی چاہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ 15اور 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول کے سانحہ کی یاد میں ایک تقریب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کو اس موقع پر شہر میں شہداء کی تصاویر پر مبنی بینر لگانے چاہیءں۔ انہوں نے مختلف کھیلوں کے انعقاد کے سلسلہ میں تعاون کرنے پر فیصل آباد چیمبر کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کبڈی کی انٹر نیشنل چیمپئن شپ آئندہ ماہ فیصل آباد میں ہورہی ہے جس میں پاکستان کے علاوہ ایران اور بھارت کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیمبر سے تعاون کی اپیل کی ہے