پی ایف سی کے زیر اہتمام انٹیریئرز پاکستان نمائش کل لاہور میں ہوگی

پی ایف سی کے زیر اہتمام انٹیریئرز پاکستان نمائش کل لاہور میں ہوگی

لاہور( نیوزرپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام دسویں تین روزہ انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کیلئے چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے فرنیچر انڈسٹری کے وفود ایک ہفتے کے دورہ پر پہنچنا شروع ہو گئے، نمائش 14 دسمبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے بدھ کو نمائش کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ مینٹنگ میں بتایا کہ تمام غیر ملکی وفود کے دورہ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام اخراجات پی ایف سی برداشت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود کو مدعو کرنے کا بنیادی مقصد انہیں پاکستان کے ہاتھ سے تیار بہترین معیاری ٹھوس لکڑی کی فرنیچر مصنوعات سے متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معلومات کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے اور غیر ملکی وفود اور مہمانوں کی سہولت کے لئے ریحان ناصر فرنٹ ڈیسک پر تعینات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامات کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کو مقامی اور بین الاقوامی برانڈز کی جانب سے زبر دست رسپانس ملا ہے اور انٹیریئرز پاکستان نمائش سے اقتصادی سرگرمیوں خاص طور پر فرنیچر سیکٹر کو بہت فروغ ملے گا جسے گذشتہ ادوار میں نظر انداز کیا گیا تھا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو ملک میں مقامی فرنیچر کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرنیچر سیکٹر کے تحفظ کے لئے مناسب پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ ہم صحیح طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔ ہم ماہر لیبر کی عدم دستیابی اور قیمتوں کی وجہ سے فی الحال چینی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کرسکتے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیراعلظم عمران خان قومی معیشت کی بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں، ان کے ساتھ اپنی حالیہ میٹنگ کے دوران ہم نے مقامی فرنیچر انڈسٹری کے خدشات سے انہیں آگاہ کیا تھا اور انہوں نے دہانی کرائی تھی کہ حکومت انڈسٹری کو تمام تر معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فرنیچر پروڈیوسرز کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے تو اس صنعت میں عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے ہنرمند بہترین مہارت سے لیس ہیں جو جدید خطوط پر ملکی ترقی میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔#/s#

مزید : کامرس