تاجروں اور صنعتکاروں کو محفوظ ماحول دینے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے : جنرل باجوہ

تاجروں اور صنعتکاروں کو محفوظ ماحول دینے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے : جنرل ...

کراچی/تھرپارکر(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے، ملک میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے،پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ فضا کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گدرا سیکٹر سندھ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔آرمی چیف نے تھرکول پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔ تھر کول پہنچنے پر مینیجنگ ڈائریکٹر فوجی فرٹیلائزر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی ہمراہ تھے۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ داخلی صورتحال بہتر ہونے سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ۔آرمی چیف نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی اے ایف کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا اور پاک چین بین الاقوامی فضائی مشق شاہین 7 کا معائنہ کیا، آرمی چیف کا ایئربیس پہنچنے پر ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے مشق کے شرکا کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور فضائی مشق کے بھرپور انعقاد پرپاک فضائیہ اورپیپلزلبریشن آرمی ایئرفوس کی کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے پاک چین مثالی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشق سے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی اور فروغ پائے گی۔ جنگی مشقوں سے دونوں ممالک کی مسلح افواج اور عوام کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔قبل ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ائیر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کو کرنل کمانڈر آف آرمی ڈیفنس کور کے بیجز لگائے۔تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی ڈیفنس کور کے کردار کو سراہا۔

مزید : صفحہ اول