اخبارات کی ترقی میں اخبار فروش یونین کا اہم کردار ،فیاض چوہان

اخبارات کی ترقی میں اخبار فروش یونین کا اہم کردار ،فیاض چوہان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میں اخبار فروش یونین کے ساتھ ہوں مگر ضمیر فروش یونین کے ساتھ نہیں ہوں اخبارات میں بحران کا بہانہ بنا کر 10ہزار کے ملازم کو نکالا جا رہا ہے جبکہ لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے کو پلکوں پر بٹھایا جا رہا ہے ۔وہ گزشتہ روز الحمراء ہال نمبر دو میں اخبار فروش یونین کے نو منتخب عہدیاروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے۔اس تقریب میں جن سینئر اور ممتاز صحافیوں نے شرکت کی ان میں فیاض الحسن چوہان،ضیاء شاہد،عثمان مجیب شامی،رحمت علی راضیاور دیگر کے نام نمایاں ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میں نے معاشیات میں ماسٹرز کیا ہوا ہے اس کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھی پورا علم رکھتا ہوں مجھے معلوم ہے کہ کس اخبار کی کتنی سرکولیشن ہے مجھے کوئی بے وقوف نہیں بنا سکتا ہماری حکومت نے پہلے دن سے کسی اخبار کے اشتہار بند نہیں کئے تمام اخبارات کو میرٹ کے حساب سے باقاعدگی کے ساتھ اشتہارات دیئے جا رہے ۔میڈیا ریاست کا ستون ہے اس کو چاہیے کہ وہ ہمیں اچھے مقاصد میں ہمیں سپورٹ کرے ۔اخبارات کی ترقی میں اخبار فروش یونین کا بہت اہم کردار ہے کوئی بھی اخبار کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو وہ اس یونین کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے اخبار فروش یونین کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ خطاب کرتے ہوئے اخبار فروش یونین کے نو منتخب صدر چوہدری نذیر نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کو ٹی وی اور انٹرنیٹ نے بہت نقصان پہنچایا ہے پرنٹ میڈیا کی اپنی اہمیت اور افادیت ہے اخبار فروش آندھی اور طوفان میں بھی گھر گھر اخبارات پہنچاتے ہیں وہ نہ صرف اپنی روزی کما رہے ہیں بلکہ ایک قومی فریضہ انجام دے ہیں آج کل پرنٹ میڈیا کے حالات کچھ اچھے نہیں ہیں۔
اخبار فروش یونین