شریف برادران اور ان کے حواری مکافات عمل کا شکار ہیں،پرویز الٰہی

شریف برادران اور ان کے حواری مکافات عمل کا شکار ہیں،پرویز الٰہی

سیالکوٹ ، ڈسکہ(بیورورپورٹ،نامہ نگارتحصیل رپورٹر) اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادران اور ان کے حواری مکافات عمل کا شکار ہیں ، ملک میں احتساب کا عمل غیر سیاسی ہے اور نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 30جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔چیئرمین خلق محمدی فاؤنڈیشن الحاج بابا خالد محمود مکی مدنی،رکن صوبائی اسمبلی باؤ رضوان، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان, بریگیڈئر اسلم گھمن,صابزادہ عثمان خالد ,صابزادہ ڈاکٹر حسان خالد، چوہدری سلیم بریار اور پیر اشرف مدنی کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ قومی اسمبلی سمیت ملک کی دیگر تین صوبائی اسمبلیوں میں پروڈکشن آڈر کا قانون موجود ہے لیکن بدقسمتی سے 10سالہ دور حکومت میں شریف برداران نے پنجاب حکومت نے پروڈکشن آڈر کا قانون نہیں بنایااور نہ ہی پنجاب کے اسپیکر کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شریفوں اور ان کے حواریوں کی گرفتاریوں سے حکومت کا کوئی تعلق نہں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی 100 دن کی کارکردگی سے مطمئن ہیں حکومت کی تمام توجہ عوام کی مسائل پر مرکوز ہے اور موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بطور وزیر اعلی میری یہی کوشش رہی کہ ایسا کام کروں جس سے انسانیت کا بھلاہو۔ انہوں نے کہاکہ اگر انسان کی نیت صاف ہو محنت اور لگن آپ کو آگے لے جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ غریبوں کا دکھ درد باٹنا عظیم عبادت ہے جہاں انسانیت کی خدمت ہورہی ہو وہاں سکون محسوس کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ خلق محمدی فاؤنڈیشن عظیم خدمت انجام دے رہی ہے حکومتوں کے پاس وسائل ہوتے ہیں , لیکن اپنی جیب سے مخلوق کی خدمت کا جذبہ بے قیمت اور بے مثال ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ صاحبزاہ عثمان خالد نے بتایا کہ خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اب تک 301بچیوں کی شادیاں کروائی گئی ہے جبکہ ہر سال بے سہارا اور مستحق بچیوں کی شادی کیلئے سینکڑوں والدین کی امداد کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اجتماعی شادیوں میں معزز مہمانوں کی آمد سے تقریب کو رونق میں اضافہ ہوا ہے ۔باراتیوں کی ون ڈش سے تواضع کی گئی ,باراتیوں کا اہلیان ڈسکہ نے والہانہ استقبال کیا۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے 30دلہنوں کو 5ہز ار فی کس سلامی دی ۔ بعدازاں چودھری پرویز الٰہی نے خلق محمدی ؐ فاؤنڈیشن کے زیر اہتما م کالج روڈ پر لنگر خانہ کا افتتاح کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر