وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اراکین اسمبلی کا آئی ایس اینڈ ٹی ڈپارٹمنٹ کا دورہ

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اراکین اسمبلی کا آئی ایس اینڈ ٹی ڈپارٹمنٹ کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ اسمبلی کے اراکین نے آئی ایس اینڈ ٹی ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کاموں کا جائزہ لیا ۔صوبائی اسمبلی کے اراکین کے وفد میں ندا کھوڑو،سعدیہ جاوید،ہیر سہو،محمد قاسم سومرو،سیدہ ماروی فصیح، فرخ اے شاہ اور گنور علی خان اسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تیمور تالپورنے اس سلسلے میں سیکریٹری علی بہادر قاضی اور ڈائریکٹر جنرل محمد یوسف کو پہلے ہی ہدایت دے دی تھی کہ وفد کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔انھوں نے وفد کو شعبہ کی کارکردگی اور یہاں ہونے والے کاموں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق ملٹی میڈیا پر بریفنگ دی۔ڈی جی نے انہیں بتایا کہ ہم نے ایس این جی اے ڈی کے 1280 ملازمین کو ای گورننس اور کمپیوٹر کے مختلف کورسز کی تربیت دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نے پولیس کو ایف ایم ریڈیو 88.6 بنا کر دیا ہے جس پر ٹریفک اور دیگر حالات سے عوام کو پولیس آگاہی دیتی رہتی ہے۔ڈرائیونگ لائسنس کو بھی ہم نے کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے اور اب کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس کی تمام برانچوں کو سینٹرلائز کردیاگیا ہے اور اب لائسنس کمپیوٹر کے ذریعے بنائے جارہے ہیں جس سے شہریوں کو بہت سہولتیں حاصل ہوگئی ہیں۔اسی طرح ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان بھی کمپیوٹرائز کر دیئے گئے ہیں جس سے پولیس کا عمل دخل بہت کم ہوگیا ہے۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ 15مددگار کال سینٹرل بھی ہم نے ڈیزائن کیا اور پھر پولیس کے حوالے کردیا۔محکمہ تعلیم میں بھی ہم کام کررہے ہیں اور جلد ہی تمام ملازمین کا ڈیٹا اور یہاں ہونیوالے کاموں کو کمپیوٹرائز کردیا جائے گا۔دراصل محکمہ تعلیم میں ملازمین لاکھوں کی تعداد میں ہیں اس لئے دوسرے محکموں کی نسبت یہاں وقت زیادہ لگ رہا ہے۔اسی طرح ہم نے جیلوں میں قیدیوں سے متعلق تمام ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنا شروع کردیا ہے اور جلد ہی سینٹرل جیل کراچی میں تمام قیدیوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائز کردیا جائے گا جس سے آئندہ کسی بھی قیدی سے متعلق معلومات کیلئے جیل کے ملازمین کا محتاج نہیں ہونا پڑے گا اور کمپیوٹر آن کرنے سے تمام معلومات حاصل ہو جائیں گی ۔اسی طرح ہم نے سول ہسپتال میں تمام ملازمین اور مریضوں کا ڈیٹاکمپیوٹرائز کر دیا ہے اور اب تمام کام کمپیوٹرپر منتقل کرکے ہسپتال کی انتظامیہ کے حوالے کردیا ہے۔


Back to Conversion Tool