داتا دربار ، کلمہ طیبہ کا عکس زمین پر پڑنے کیخلاف درخواست پر 4رکنی کمیٹی تشکیل

داتا دربار ، کلمہ طیبہ کا عکس زمین پر پڑنے کیخلاف درخواست پر 4رکنی کمیٹی ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے حضرت داتا گنج بخش کے دربار میں کلمہ طیبہ کا عکس زمین پر پڑنے کے خلاف درخواست پرمعاملہ کا جائزہ لینے کے لئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 21دسمبر تک رپورٹ پیش کرے گی ۔اس سلسلے میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کررکھی ہے کہ داتاگنج بخش کی مسجد کے مناروں کے درمیان کلمہ طیبہ کی تختی لگائی گئی ہے ،رات کو کلمہ طیبہ کی لائٹس کا عکس زمین پر پڑنے سے کلمہ کی بے ادبی ہوتی ہے ،عدالت اس کے سدباب کو حکم دے چکی ہے ،اس کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔عدالت نے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے 4 رکنی کمیٹی بنا دی ہے جس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، درخواست گزار، ڈپٹی ڈائریکٹر اوقاف اور مینجر داتا دربار شامل ہیں ۔

فاضل جج نے قراردیا کہ ایسے معاملات کی نگرانی عدالت کی ذمہ داری ہے،عدالت ایسے درخواست گزار وکلاء کی شکر گزار ہے جو عدالت کی توجہ مفاد عامہ کے معاملات کی طرف مبذول کرواتے ہیں۔

مزید : علاقائی