سرکاری محکمے مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمد یقینی بنائیں ،عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سرکاری محکمے مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمد یقینی بنائیں کیونکہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالیاتی امور میں شفافیت کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلقہ متعدداموراور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2015۔16 کی منظوری دی گئی جو بعدازاں اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔اجلاس میں معدنیات کیلئے رائیلٹی ریٹس میں اضافے کو اگلے ا جلاس تک موخر کر دیا گیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ اورصحت، تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ، زراعت، لائیوسٹاک اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر امان اللہ نے ملاقات کی ،جس میں وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے آئین اورقانون کی بالادستی کیلئے وکلاء برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔علاوہ ازیں سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے و الے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اوران کے مسائل سنے اور ان مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
عثمان بزدار