العزیزیہ سٹیل اورہل میٹل کیس میں حسین نواز جوابدہ ہیں، خواجہ حارث

العزیزیہ سٹیل اورہل میٹل کیس میں حسین نواز جوابدہ ہیں، خواجہ حارث

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے احتساب عدالت میں دلائل دیے ہیں کہ العزیزیہ سٹیل مل اور ایچ ایم ای پر حسین نواز جوابدہ ہیں،غیر مقیم شہری ہونے کی وجہ سے حسین نواز کیلئے بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا لازم نہیں،نو از شریف سے وضاحت نہیں مانگی جاسکتی،تفتیشی افسر یہ نہیں کہہ سکتے کہ عوامی عہدے کے بعد نواز شریف خاندان کے بااثر شخص بن گئے ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت ہوئی تو نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے اور ان کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل کا سلسلہ جاری رکھا۔خواجہ حارث نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سعودی عرب کو لکھے گئے ایم ایل اے کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا، ہمارا کیس یہ ہے کہ ایچ ایم ای اور العزیزیہ سٹیل مل کے حوالے سے حسین نواز جوابدہ ہیں اور نواز شریف سے وضاحت نہیں مانگی جاسکتی، نواز شریف نے یہ ضرور کہا کہ ان کا بچوں کے کاروباری معاملات سے تعلق نہیں لیکن انہوں نے یہ کہیں نہیں کہا کہ انہیں بچوں کے کاروبار کا پتہ نہیں ۔خواجہ حارث نے دلائل دئیے کہ تفتیشی افسر نے نواز شریف کی طرف سے بچوں کے نام پر شیئرز منتقل کرنے کے حوالے سے تفتیش نہیں کی، حسین نواز کا بیرون ملک کاروبار اور اثاثے پاکستان میں ڈیکلیئر نہیں ہیں، نان ریزیڈنٹ شہری ہونے کی وجہ سے حسین نواز کیلئے بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا لازم نہیں اور یہ بات استغاثہ نے بھی نہیں اٹھائی کہ حسین نواز کی طرف سے اثاثے ظاہر نہ کرنا غیر قانونی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -