آسٹریلوی شہری نے بدھا کا مجسمہ پاکستان کو واپس کر دیا

آسٹریلوی شہری نے بدھا کا مجسمہ پاکستان کو واپس کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)آسٹریلیا کے ایک شہری نے خیر سگالی کے طور پر گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والا بدھا کا مجسمہ پاکستان کو واپس کر دیا ہے یہ مجسمہ ایک آسٹریلوی شہری رومے ڈنگل کی تحویل میں تھاجس کی والدہ اس طرح کی نادر اشیاء جمع کر کے70کی دہائی میں پاکستان سے آسٹریلیا لے گئی تھی ان کے خاندان نے اب اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ یہ پاکستان کو تحفے کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں تاکہ اسے اسی جگہ رکھا جائے جہاں سے اس کا تعلق ہے مجسمہ حوالے کرنے کے سلسلہ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سول سوسائٹی،تعلیمی اداروں،سفارتی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ایلزبتھ ککرٹ ایم ایل اے بھی تقریب میں موجود تھیں اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رومے ڈنگل نے کہا کہ وہ یہ تاریخی شہ پارہ واپس کر کے بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں کیونکہ یہ اب اپنی اصل جگہ پر پہنچ جائیگا۔یہ تقریب سول سوسائٹی کے افراد اور حکومت کے درمیان قریبی تعاون کی بہترین مثال ہے۔اپنے خطاب میں پاکستان میں ہائی کمشنر بابر امین نے کہا کہ یہ ثقافتی تاریخ اور پاکستانی ورثہ کا ایک اہم عنصر ہے اور اس کی اہمیت ایک پراپرٹی سے زیادہ ہے۔گندھارا ایک قدیم بادشاہت تھی جو پشاور سے سوات وادی تک پھیلی ہوئی تھی۔ٹیکسلا اس کا مرکز تھا جہاں دنیا کی پہلی یونیورسٹی موجود تھی ۔ہائی کمشنر نے بدھا کے مجسمے کی واپسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ڈنگل خاندان کی طرف سے ایک حیران کن اظہار ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر