مہاجر مسائل کا حل اتحاد اور یکجہتی میں ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجر مسائل کا حل اتحاد اور یکجہتی میں ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کو درپیش مسائل کا واحد حل مہاجر اتحاد اور یکجہتی میں مضمر ہے۔ کراچی ملک کی سیاست کی سمت کا تعین کرتا تھا لیکن ناعاقبت اندیش عناصر کے باعث اب کراچی کے شہری خود اپنے مسائل اور اپنے حقوق سے محروم ہیں جس کی بنیادی وجہ مہاجروں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کا فقدان اور آپس میں ایک دوسرے کا دست گریباں ہونا ہے۔ انہوں نے کہاکہ MIT مہاجروں کو متحد کرنے کیلئے کافی عرصے سے جدوجہد میں مصرو ہے اور ہماری خواہش ہے کہ مہاجر قیادت اور مہاجر کارکنان نظریات اور مفادات سے بالاتر ہوکر مہاجر حقوق کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کریں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے تمام تر تحفظات کے باوجود مہاجر قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں اور انہیں اس بات پر راضی کرنے کی بھی کوشش کی کہ وہ صرف مہاجر ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کریں جس کے مثبت نتائج بھی نکلے ہیں اور ہماری یہ جدوجہد جاری ہے۔ کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کے آپس کے اختلافات کافائدہ مہاجر دشمن قوتوں کو پہنچ رہا ہے جس کی واضح مثال سب سے زیادہ تعلیم اور تہذیب یافتہ مہاجر قوم کو دہشت گرد، بھتہ خور اور ایجنٹ قرار دیئے جانے کی کوششیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چند افراد کی غلط پالیسیوں کی سزا پوری قوم کو نہیں دی جاسکتی، اب بھی وقت ہے کہ مہاجر مشترکہ جدوجہد کیلئے پیش قدمی کریں۔