جرائم پیشہ عناصر سے ملے ہوئے اہلکار بڑے ڈاکو ہیں ،کراچی پولیس چیف

جرائم پیشہ عناصر سے ملے ہوئے اہلکار بڑے ڈاکو ہیں ،کراچی پولیس چیف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کرچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد سے ملے ہوئے پولیس والے سب سے بڑے ڈاکو ہیں تاہم ایسے پولیس والوں کو باہر نکال پھینکیں گے۔ چینی قونصل خانے پر حملے میں استعمال گاڑی کا مالک 6 سال پہلے مرچکا ہے اور گاڑی ابھی تک اسی مرے ہوئے شخص کے نام پر چل رہی تھی۔بدھ کو اے سی ایل سی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ پولیسنگ ایک چینل ہے، کسی گورے کو بٹھادیں تو وہ بھی سب سے پہلے کہے گا کہ ضروری چیز سیکیورٹی ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بہت ضرورت ہے جب کہ سیف سٹی پروجیکٹ اب بھی کراچی میں نہیں ہے۔کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں استعمال گاڑی کا مالک 6 سال پہلے مرچکا ہے اور گاڑی ابھی تک اسی مرے ہوئے شخص کے نام پر چل رہی تھی۔ سی پی ایل سی اور پولیس جرائم کو ریکارڈ کرتی ہے، کئی جرائم کی وارداتیں ریکارڈ نہیں ہوتیں، ایسا نظام لارہے ہیں کہ ہر جرائم کی واردات ریکارڈ ہوگی، ایک ایپ کے ذریعے جرائم کی واردات کو درج کرایا جاسکے گا۔پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ پولیس میں غلط لوگوں کو باہر ہونا چاہیے، پولیس کے اچھے کام پر دو لفظ اچھے بول دیں تو حوصلہ بڑھ جاتا ہے، پولیس والا جرائم پیشہ عناصر سے ملا ہوا ہو تو عوام، پولیس اور شہدا کا دشمن ہے، جرائم پیشہ افراد سے ملے ہوئے پولیس والے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، ایسے پولیس والوں کو باہر نکال پھینکیں گے، پولیس ایسی ہو جس کو اچھا آدمی دیکھ کر قریب آئے اور برا دیکھ کر ڈرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر