ٹرانس کراچی: بی آر ٹی سسٹم کوفعال کرنے کے لئے کوشاں
کراچی (پ ر) اس سال کے آغاز میں ٹرانس کراچی کے قیام کے آفیشل اعلان کے بعد کمپنی نے شہر میں ’کراچی بریز ‘ بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کو جلد از جلد مکمل کرنے اور کراچی میں سفری سہولیات میں جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ٹرانس کراچی کے مطابق کراچی بریز منصوبے کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے ۔کراچی بریز کو وفاقی اور صوبائی سطح کے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کر عالمی معیارات کے عین مطابق مکمل کیا جارہا ہے جس میں تمام بی آر ٹی لائنز کا انتظام کیا جائے گا۔ٹرانس کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز عوام الناس کی فلاح سے سرشار پروفیشنل ہیں جو پوری کمپنی اور تمام متعلقہ معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے عمل پر سختی سے کاربند ہیں۔ٹرانس کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین طارق اکرام اللہ نے ٹرانس کراچی کے اغراض و مقاصد پر بات کرتے ہوئے کہا’ ہمیں ٹرانس کراچی کے قیام پر بہت دلی مسرت ہے ۔ بی آر ٹی ایک اعلیٰ معیاری ماس ٹرانسپورٹیشن سسٹم ثابت ہوگاجس کے ذریعے بڑی تعداد میں لوگ بیک وقت اپنی اپنی منزلِ مقصود پر محفوظ ، قابل اعتماد، معیاری اورپُر سکون اور سستے طریقے سے پہنچ سکیں گے۔اس سروس کی اپنی روڈ ہیں چناچہ یہ شہر کے باقی ٹریفک کے مقابلے زیادہ تیز اور آرام دہ سفر ی سہولیات فراہم کرے گی۔ٹرانس کراچی کے زیر انتظام کراچی بریز مکمل ہونے کے بعد کراچی کو یکسر تبدیل کردے گی۔‘