کاشتکاروں کی سہولت کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیگی ، شہرام خان ترکئی
پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت صوابی کو تمباکو سیس فنڈز کے بقایاجات کی ادائیگی کے حوالے اعلیٰ سطح اجلاس،خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات،الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت ضلع صوابی کو تمباکو سیس فنڈز کے بقایاجات کی ادائیگی کے حوالے سے پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان،ایم پی ایز رنگیز خان اور عاقب اللہ خان،ڈپٹی کمشنر صوابی سلمان لودھی کے علاوہ محکمہ خزانہ،منصوبہ و ترقی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ضلع صوابی کے تمام صوبائی حلقوں کو تمباکو سیس فنڈز کے بقایاجات کی ادائیگی کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تمباکو سیس کی مد میں ملنے والے فنڈز کو حلقوں کی ترقی اور تمباکو کے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات پر خرچ کیے جائیں گے۔اجلاس میں فنڈز کی ریلیز میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انہیں دور کرنے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحہ پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خا ن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فنڈز کی ادائیگی کے لئے سمری تیار کریں اوراس حوالے سے محکمانہ کارروائی کو جلداز جلد مکمل کریں۔صوبائی وزیر بلدیات کا اس موقع پر کہنا تھاکہ صوابی کے تمام ممبران صوبائی اسمبلی کاتمباکو سیس فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے متفق ہونا ایک خوش آئندامر ہے اور اس سے علاقے میں تیز ترترقی آئے گی جبکہ مسائل کا بھی خاتمہ ہوگا۔