پی پی 168،پولنگ کا وقت ختم ،ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کی جانے والی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168پر ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے جس کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جا ری ہے ۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 پر ضمنی انتخاب ہوا جس کے لیے صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک لوگوں نے آکر ووٹ دئیے ۔الیکشن کمیشن نے پرامن انتخاب کیلئے رینجرز کو طلب کر رکھا تھا جبکہ فوج بھی سٹینڈ بائی پر تھی تاہم پولنگ کے دوران کسی قسم کی بد مزگی دیکھنے میں نہیں آئی اور یہ مرحلہ پر امن طریقے سے مکمل ہوا ۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 لاہور کےلئے کل 11امیدوار میدان میں تھے لیکن اس نشست پر اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے ملک اسد علی کھوکھر اور مسلم لیگ نون کے امیدوار راناخالد محمود قادری کے درمیان متوقع ہے۔پیپلز پارٹی نے اس نشست پر مسلم لیگ نون کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں کل ووٹرزکی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 912 ہے، ووٹرز کی آسانی کےلئے 83 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔