”ہمیں اتنے کروڑ روپے ہر صورت چاہئیں“ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو ”پھنسا“ لیا، بڑی مشکل کھڑی ہو گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑ گئی ہے اور اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں اور اس مقصد کیلئے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکل میں اضافہ ہو گیا ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس پر ہونے والے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ سے مانگ لئے ہیں۔ پی سی بی نے بھارت کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں کیس کیا تھا جس میں 447 کروڑ روپے ہرجانہ طلب کیا گیا تھا۔
مائیکل بیلوف کی سربراہی میں آئی سی سی کمیٹی نے کیس کا فیصلہ بھارتی بورڈ کے حق میں دیدیا تھا جس کے بعد اب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کیس پر آنے والے اخراجات کا ازالہ چاہتا ہے۔اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو خط لکھا ہے کہ اس کیس پر اٹھنے والے 15 کروڑ روپے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز 2013 سے نہیں کھیلی گئی۔