ایس ایم ایس پر بھی ٹیکس عائد کرنے کے منصوبے پر کام شروع
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) کیلیفورنیا کے ریاستی منتظمین نے ایس ایم ایس بھیجنے پر بھی ٹیکس عائد کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ اس سے حاصل ہونے والے منافع کو استعمال کرتے ہوئے کم آمدنی والے افراد کیلئے موبائل فون سروس تک رسائی کو مزید آسان اور سستا بنایا جا سکے۔
کیلیفورنیا پبلک یوٹیلٹیز کمیشن اگلے مہینے اس تجویز پر ووٹنگ کرائے گی جس کی منظوری کے بعد فی ایس ایم ایس ٹیکس عائد کرنے کے بجائے موبائل فون سروس کے بل میں سرچارج فیس شامل کر دی جائے گی تاہم اس سے پہلے ہی عوام الناس نے تنقید کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
بے ایریا کونسل بزنس گروپ کے صدر جم وونڈرمین نے اس منصوبے کو بیوقوفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل کے زمانے میں ایس ایم ایس کے ذریعے ہی رابطے ہوتے ہیں اور اس پر ٹیکس عائد کرنے کا مطلب ہے کہ ہم روز مرہ کی بات چیت پر ٹیکس لگا دیں۔