آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے قونصل جنرل کی تعزیت
دبئی (طاہر منیر طاہر) ریاست عجمان میں آگ لگ کر جھلس جانے سے ایک پاکستانی فیملی کے دو افراد مریم اور اس کا بیٹا جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ جھلس کر جاں بحق ہونے والے بچے کی عمر 8 سال تھی۔ اس خبر نے امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں کو افسردگی میں مبتلا کردیا ۔
پاکستانی فیملی پر آئی اس ناگہانی آفت کو یہاں مقیم سبھی پاکستانیوں نے محسوس کیا جبکہ قونصلیٹ آف پاکستان دبئی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے پاس خود جانے کا فیصلہ کیا۔ متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی ، تعزیت اور مالی امداد کا پیکج لے کر قونصل جنرل سید جاوید حسن، ویلفیئر قونصلر عاصمہ علی اعوان، صدر پاکستان سوشل سنٹر شارجہ چودھری خالد حسین آف سدووال بذات خود عجمان گئے اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شارجہ سنٹر کے ڈائریکٹران افتخار چودھری، راجہ محمد سرفراز اور محمد سعید اختر بھی موجود تھے۔ تعزیتی وفد نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والی خاتون مریم بی بی کے والد سے اظہار تعزیت کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔ سید جاوید حسن نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ گویہ سانحہ بڑا المناک ہے جس کا مداوا ممکن نہیں تاہم قونصلیٹ آف پاکستان دبئی آپ کے ساتھ ہے اور آپ کو ہر قسم کی قانونی و مالی سپورٹ فراہم کرے گا۔ شارجہ سنٹر کے صدر چودھری خالد حسین نے بھی متاثرہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان سوشل سنٹر بھی آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل سید جاوید حسن اور پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین نے جاں بحق ہونے والی خاتون مریم بی بی کے والد کو امدادی چیک بھی دئیے۔
تعزیتی وفد نے مرحومہ کے والد، بہن اور بہنوئی سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت بھی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین