العزیزیہ ریفرنس؛ نواز شریف کے بے نامی دار ان کے بچے ہیں، نیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) نیب پراسیکیوٹر مظفر عباسی نے العزیزیہ ریفرنس میں اپنے جواب الجواب میں کہا ہے کہ نواز شریف کے بچے ان کے بے نامی دار ہیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس کی سماعت کی تو سابق وزیراعظم عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر مظفر عباسی نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل پر جواب الجواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کے وکیل کا موقف مختلف ہے، نواز شریف نے 342 کے بیان میں حسن اور حسین نواز کی دستاویزات کو تسلیم کیا اور جے آئی ٹی کے سامنے حسن اور حسین نواز کی دستاویزات کی تصدیق بھی کی۔
نیب پراسیکیوٹر مظفر عباسی نے کہا کہ اثاثے بچوں کے قبضے میں ہیں اور بچے نواز شریف کے بے نامی دار ہیں، اثاثوں کے حقیقی مالک نواز شریف ہیں، ہم نے ثابت کیا کہ بچے اپنا کوئی ذریعہ آمدنی نہیں رکھتے تھے، کوئی ایسا ثبوت نہیں دیا گیا کہ اثاثہ جات حسین نواز نے اپنے ذرائع سے بنائے، بار ثبوت ملزمان پر ہوتا ہے۔