پہلی باروزیراعظم عمران خان نے خوبصورت یوٹرن لیاہے،ایاز صادق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق سپیکر اور رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پہلی باروزیراعظم عمران خان نے خوبصورت یوٹرن لیا،امیدکرتاہوں عمران خان اسی طرح کے اچھے یوٹرن لیں گے،ایازصادق کا کہناتھا کہ عمران خان مثبت یوٹرن لیتے رہے توجمہوریت کوتقویت ملے گی۔
ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو مثبت یو ٹرن لینے پر مبارکباد دیتا ہوں، ہمارے والدین نے عزت کرنا سکھایا ہے ،عزت کرنے سے عزت ملتی ہے،ان کا کہناتھا کہ جس آئین کے تحت حلف اٹھایا گیا اسے ہوا میں اڑایا گیا، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت کا رویہ حکومتی نہیں اپوزیشن جیسا لگتا ہے،یقین سے کہہ سکتے ہیں مشترکہ اپوزیشن محاذ آرائی کا حصہ نہیں بنے گی،میرے دور میں مجھے یقین تھا پی ٹی آئی والے استعفا دے کر منظور نہیں کرانا چاہتے تھے،جاوید ہاشمی واحد رکن تھے جنہوں نے استعفا منظور کرنے پر زور دیا، ایاز صادق نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی انکوائری ہو رہی ہے اور وہ سامنا کر رہے ہیں، ہم دوہرا معیار نہیں چاہتے ،صحیح کوصحیح اور غلط کو غلط کہیں گے، انہوں نے کہا کہ 123 دن پی اے سی کی تشکیل کے معاملے پر ضائع ہوئے،یوٹرن کے بعد ہمیں اچھا موقع ملا۔