وزیراعظم عمران خان کا پہلا ’یوٹرن‘ جس پر ایاز صادق بھی مبارکباد دینے پر مجبور ہو گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان پر اب تک ’یوٹرن‘ لینے کے الزامات ہی لگتے آئے تھے مگر اب انہوں نے ایک ایسا ’یوٹرن‘ لے لیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماءسردار ایاز صادق بھی مبارکباد دینے پر مجبور ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر حکومتی رضامندی کو مثبت یوٹرن قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جمہوریت اور پارلیمان کے وسیع تر مفاد میں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن کو منتخب کرنے کا موقع دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا اگر اپوزیشن اپنا فیصلہ تبدیل کرنے سے انکار کر دے تو حکومت کو پیچھے ہٹ جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے سے متعلق گزشتہ تین ماہ سے ڈیڈ لاک تھا۔