پی پی 168میں ضمنی الیکشن کا غیر حتمی وغیر سرکاری نتیجہ :تحریک انصاف کے امیدوار ملک اسدعلی کھوکھر 17569ووٹ لیکر کامیاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کی جانے والی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168پر ضمنی الیکشن میںغیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے ملک اسدعلی کھوکھرنے17569ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار راناخالدمحمود قادری 16892ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 پر ضمنی انتخاب ہوا جس کے لیے صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک لوگوں نے پولنگ میں حصہ لیا۔الیکشن کمیشن نے پرامن انتخاب کیلئے رینجرز کو طلب کرلیاتھا جبکہ فوج بھی سٹینڈ بائی تھی تاہم پولنگ کے دوران کسی قسم کی بد مزگی دیکھنے میں نہیں آئی اور یہ مرحلہ پر امن طریقے سے مکمل ہوا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 لاہور کےلئے کل 11امیدوار میدان میں تھے لیکن اس نشست پر اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے ملک اسد علی کھوکھر اور مسلم لیگ نون کے امیدوار راناخالد محمود قادری کے درمیان متوقع ہے۔پیپلز پارٹی نے اس نشست پر مسلم لیگ نون کی حمایت کا اعلان کرلیاتھا۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں کل ووٹرزکی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 912 ہے، ووٹرز کی آسانی کےلئے 83 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔