نیا پاکستان ہماری منزل، روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف صنعتوں کو فروغ دے کر حاصل کرینگے :میاں اسلم اقبال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سابق حکمرانو ں کی لوٹ مار اور غلط ترجیحات کے باعث ملکی ادارے تباہ ،معیشت کو ناقابل تلافی نقصان اور ملک کی انڈسٹری مسائل کا شکار ہوئی ، نیا پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اداروں میں ایسی اصلاحات لا ر ہے ہیں جن سے ان کی استعداد بڑھے گی اور یہ بہتر اندا ز میں عوام کو خدمات فراہم کر سکیں گے ،بے گھر افراد کیلئے پچاس لاکھ گھر وں کی تعمیر کا منصوبہ بھی اس منزل کے حصول کی جانب اہم قدم ہے ،تحریک انصاف نے آئندہ پانچ سالوں میں روز گار کے ایک کروڑ نئے مواقع پیدا کرنے کا جو وعدہ کیے ہیں اسے پورا کریں گے،محکمہ صنعت و تجارت کو 60لاکھ روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف دیا گیا ہے وہ انشاء اللہ صنعتوں کو فروغ دے کر حاصل کریں گے اور اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، صنعتکاری کے عمل کو سہل بنانے کیلئے پنجاب کے 26اور وفاق کے 19محکموں کو ایک پیج پر لائے ہیں اور تمام محکموں کو مقررہ مدد میں صنعت لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے ۔