احتیاط سے بولیں،خواجہ آصف کو ملک و قوم کی فلاح میں عہدہ دینا پڑسکتاہے :ارشاد بھٹی کا عثمان ڈار کومشورہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ عثمان ڈار کو احتیاط سے بولنا چاہئے ، کل کہیں ملک وقوم کی فلاح کیلئے خواجہ آصف کو کوئی عہدہ دینا پڑ سکتا ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ “ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ نوازشریف اس لئے صادق اور امین نہیں ہیں کہ وہ اپنی ہر بات سے مکر گئے ہیں،اورکہاہے کہ میرا جائیداد سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ جو کچھ ہے وہ با پ اوربچوں کا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرشہباز شریف واقعی چیئر مین پی اے سی بن جاتے ہیںتو پھر وزیر اعظم اور لٹیروں اورڈاکوﺅں کےخلاف جہاد کرنیوالے کومبارک ہو،قوم کوبھی مبارک ہو کہ تبدیلی آنہیں رہی بلکہ آگئی ہے ، یہ حکمت عملی اور لچک ہے اور بڑے لیڈر ایسا ہی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو مبارک ہوکہ ہمارے ہاں حراست میں لوگ ایم پی اے اور پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی بن جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار کو احتیاط سے بولناچاہئے ، کہیں کل ملک وقوم کی فلاح کیلئے تحریک انصا ف کو خواجہ آصف کوبھی کوئی عہدہ نہ دیناپڑ جائے ، انہوں نے کہا کہ یہ ان کی چار چار گز کی زبانیں ہیں جن کی وجہ سے لوٹ مار کے سیدھے سادھے مقدمات کو سیاسی انتقام کارنگ دیا جارہاہے ۔