تاجر خود ہر غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کر دیں ورنہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا:ڈپٹی کمشنر لاہورصالحہ سعید
لاہور(این این آئی) ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ سمیت شہر کے دیگر مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق تیزی سے جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کا پریشر برداشت نہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ شاہ عالم مارکیٹ آپریشن کی بدولت راہ داریوں،گلیوں اور شاہراؤں پر بنی تجاوزات کا خاتمہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے اور ایسی تمام بلڈنگز، دکانیں جو غیر قانونی طور پر سرکار کی جگہ پر بنائی گئی ہیں ان کو ہر صورت مسمار کیا جائے گا۔اس موقع پر تاجروں کی جانب سے ایک پلازہ کے کاغذات کو پیش کیے گئے جن کو نقشہ جات کی مدد سے بوگس ثابت کر دیا گیا جس پر ڈی سی لاہور نے تاجران سے کہا کہ وہ خود ہی اس پلازہ کو گرا دیں ورنہ ضلعی انتظامیہ اس کی مسماری کا آغاز کر دے گی۔شاہ عالم مارکیٹ میں آپریشن کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی جانچنے کے لیے روزانہ شام کو خصوصی اجلاس منعقد ہوگا۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پروٹوکول عاصم سلیم کو ہدایت کی کہ وہ ایسے افسران و ملازمین کی نشاندہی کریں جنہوں نے غیر قانونی طور پر بنائے گئے پلازوں کی تعمیر میں تعاون کیا تاکہ ان خلاف کارروائی کے آغاز کے لیے لیٹر لکھیں جا سکیں ۔ڈی سی لاہورسعید نے اس موقع پر تاجروں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ خود ہر غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کر دیں ورنہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور نے شاہدرہ چوک میں تجاوزات کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورہ کیا ۔اس موقع ٹریفک ،پارکنگ اور دیگر معاملات پر ڈی ایس پی ٹریفک نے ڈی سی لاہور صالحہ سعید کو بریفنگ دی۔ڈی سی لاہور نے ایم او آر میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ہدایت کی وہ شاہدرہ چوک سے تجاوزات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں اورشاہدرہ چوک میں تجاوزات اور سرکاری جگہوں کا جائزہ لینے کے لیے حلقہ پٹواری کو نقشہ سمیت اپنے دفتر طلب کر لیا ہے۔