تعلیمی شعبہ میں انحطاط حکومت اور معاشرے کیلئے ایک بڑا چیلنج ،بااثر حلقوں اور نوجوانوں کو بہتری کے اقدامات میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا:وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعلیمی شعبہ میں انحطاط حکومت اور معاشرے کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے حکومت پوری طر ح پرعزم ہے، معاشرے کے بااثر حلقوں اور نوجوانوں کو بھی تعلیمی شعبہ کی بہتری کے اقدامات میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،نوجوان بہتر تعلیم حاصل کرکے ہی صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ انسٹیٹیو آف میڈیکل سائنسز کے طلباء اور طالبات میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ تعلیم کے معیار کی بہتری بے شک حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے ،حکومت اپنی اس ذمہ داری سے صحیح معنوں میں عہدہ برا بھی ہورہی ہے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے اصلاحات لائی جارہی ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے، ہمارے پاس ترقی کرنے کا واحد راستہ تعلیم کا ہے، ہمارے نوجوان بہتر تعلیم حاصل کرکے ہی صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ صوبے کے طلباء کی خوش قسمتی ہے کہ آج انہیں تعلیمی حصول کا بہتر ماحول اور وظائف کی صورت میں معاونت حاصل ہے جس سے وہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں،ماضی میں تعلیمی معیار بہت بہتر تھا ہمارے پاس قابل اساتذہ موجود تھے جو تعلیم کی فراہمی کو مقدس فریضہ سمجھتے تھے تاہم ناقص پالیسیوں کے باعث بتدریج تعلیمی شعبہ پسماندگی کا شکار ہوتا چلا گیا، اب وہ تعلیمی ادارے بہتر مقام حاصل کریں گے جن کی کارکردگی نمایاں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں، انہیں چاہئے کہ وہ روشن پاکستان کی طرف دیکھیں،پروفیشنل اداروں کے طلباء عملی اور پیشہ ورانہ زندگی میں داخل ہورہے ہیں جہاں مقابلے کا رحجان زیادہ ہے، لہٰذا وہ وقت ضائع کئے بغیر اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعہ جدید ریسرچ تک رسائی پیدا کریں۔وزیراعلیٰ نے بیف کو شعبہ تعلیم کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پروگرام کی افادیت میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات کرے گی تاکہ تحصیل سطح تک ہونہار طلباء اس سے استفادہ کرسکیں۔